Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

عرفان خان اپنی فیملی کیلئے کتنے اثاثے چھوڑ کرگئے؟ تفصیلات منظرعام پر

بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان گزشتہ دنوں 53 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے تاہم وہ اپنی فیملی کیلئے کتنے اثاثے چھوڑ کر گئے ہیں تفصیلات منظرعام پر آگئیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلموں اور اشتہاروں کو ذریعہ معاش بنانے والے اداکار عرفان خان کے نام 320 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثے ہیں۔

ممبئی میں اُن کے ایک گھر کے علاوہ جوہو میں فلیٹ بھی ہے اور اس کی مالیت بھی ٹھیک ٹھاک بتائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے نام دنیا کے معروف برانڈز کی گاڑیاں بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: اداکار عرفان خان (مرحوم) کی اہلیہ کا جذباتی پیغام سامنے آگیا

عرفان خان ایک فلم میں کام کرنے کا تقریباً 15 جبکہ کسی اشتہار میں کام کرنے کا 4 سے 5 کروڑ روپے معاوضہ وصول کرتے تھے۔

واضح رہے کہ اداکار عرفان خان گزشتہ ہفتے بدھ کے روز کینسر کے مرض کی وجہ سے 53 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے تھے۔

موت سے قبل انہوں نے اپنی اہلیہ کو بلا کر کہا تھے کہ ‘دیکھو ماں مجھے لینے آئی ہے’۔ عرفان خان کی والدہ اُن سے 4 روز قبل جے پور میں انتقال کرگئی تھیں تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کے باعث وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات میں شامل نہیں ہوسکے تھے۔

یہ بھی پڑھیئے: موت سے قبل اداکار عرفان خان نے آخری الفاظ کیا ادا کئے؟

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے ویڈیو کال کے ذریعے والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی اور وہ اپنی والدہ کے انتقال کے باعث شدید غم میں مبتلا تھے۔

والدہ کے انتقال کے بعد عرفان خان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ بدھ کی صبح عرفان خان نے اپنی اہلیہ کو بلایا اور کہا کہ دیکھو ماں آئی ہے، وہ میرے بستر پر بیٹھی ہے، مجھے لینے آئی ہے۔ یہ باتیں سن کر اُن کی اہلیہ خود پر قابو نہ رکھ سکیں اور زار و قطار رونے لگیں۔

یاد رہے کہ 53 سالہ بالی وڈ اداکار عرفان خان میں سال 2018 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کی اطلاع انہوں نے خود اپنے مداحوں کو دی تھی۔

انہوں نے ٹوئٹر پر پیغام شیئر کیا تھا کہ ‘زندگی میں اچانک کچھ ایسا ہو جاتا ہے جو آپ کو آگے لے کر جاتا ہے۔ میری زندگی کے گزشتہ چند برس ایسے ہی رہے ہیں۔ مجھے نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض ہو گیا ہے۔ لیکن میرے آس پاس موجود لوگوں کے پیار اور طاقت نے مجھ میں امید پیدا کی ہے’۔